ایک نوبیاہتا جوڑے نے اپنے تفریحی دورے کے دوران 5 افراد کے خاندان کو اس وقت بچا لیا جب اس کی گاڑی ایک ڈھلان سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
چین کے صوبے جیانگسو سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ فان کایوئی اور ان کی اہلیہ گو جیاننگ جنوبی چین کے صوبے ہینان میں شادی کے بعد گھومنے کے لیے گئے تھے۔
20 جولائی کو ایک پہاڑی شاہراہ پر گھومتے ہوئے اس جوڑے نے ایک گاڑی کو دیکھا جو ایک رکاوٹ سے ٹکرانے کے بعد کنارے پر جھول رہی تھی۔
اس گاڑی سے دھواں نکل رہا تھا جبکہ بچوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں گاڑی کے اندر سے آرہی تھیں۔
کسی ہچکچاہٹ کے بغیر فان کایوئی گاڑی کی جانب بھاگے اور چلا کر کہا کہ ‘پریشان مت ہوں، ہم آپ کو بحفاظت باہر نکال لیں گے’۔
انہوں نے فوری طور پر پولیس اور ایمرجنسی امدادی ٹیموں سے رابطہ کیا۔
ان کی اہلیہ گو جیاننگ سڑک کے درمیان وہاں سے گزرنے والے گاڑیوں کو روک کر دیگر ڈرائیورز کو مدد کے لیے اکٹھا کرنے لگیں۔
فان کایوئی اور دیگر ڈرائیورز نے مل کر پہلے گاڑی سے تینوں بچوں کو نکالا اور پھر واپس جاکر ان کے والدین کی باہر نکلنے میں مدد کی۔
اس خاندان کو پھر ڈھلان کے اوپر لے جایا گیا تاکہ انہیں ایمبولینس میں منتقل کیا جاسکے۔
ڈھلان پر موجود تیز دھار پودوں سے آنے والی خراشوں کے باوجود فان کایوئی اوپر نیچے بلاتھکے بھاگتے رہے اور زخموں کو نظر انداز کر دیا۔
جب امدادی ٹیم وہاں پہنچ گئی تو فان کایوئی نے طبی عملے کے ساتھ تعاون کیا اور پولیس کی آمد تک امدادی کام کرتے رہے۔
انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ‘کامیابی سے 3 بچوں اور 2 بالغ افراد کو گاڑی سے نکالا، مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں نے پولیس کا کام ہینان میں بھی کیا’۔
جس خاتون ڈرائیور کو فان کایوئی اور ان کی اہلیہ نے بچایا، اس نے جیانگسو پولیس سے رابطہ کرکے شکر گزاری کا احساس کرتے ہوئے بتایا کہ بچے معمولی زخمی ہوئے تھے جبکہ ان کی ایک ہڈی ٹوٹ گئی تھی، مگر خوش قسمتی سے سب خطرے سے محفوظ رہے۔