نشتر روڈ منصوبے میں واسا کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی، ڈیڑھ ماہ پہلے کام مکمل کر چکے تھے: ایم ڈی واسا فیصل شوکت
ملتان: منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال روڈ کی تعمیر میں واسا کی جانب سے کسی قسم کی تاخیر نہیں ہوئی۔ واسا نے سیوریج لائن کا کام ڈیڑھ ماہ قبل مکمل کرکے اسے فعال کر دیا تھا، جس کے بعد منصوبے کی سائٹ متعلقہ تعمیراتی ادارے سی اینڈ ڈبلیو کے حوالے کر دی گئی تھی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی کام کے دوران بعض مقامات پر سیوریج لائنیں دوبارہ متاثر ہوئیں، جنہیں واسا کی ٹیم نے فوری طور پر مرمت کر کے فعال رکھا تاکہ منصوبے کی رفتار متاثر نہ ہو۔
ایم ڈی واسا کے مطابق پنجاب اربن ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری دو سالہ منصوبہ دسمبر 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 231 کلومیٹر نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ پرانی اور ناکارہ لائنوں کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبے میں ان علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے جہاں مون سون کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل زیادہ تھے، جن میں حسین آگاہی بازار، طارق روڈ، کارڈیالوجی روڈ، نشتر روڈ اور ایم ڈی اے چوک شامل ہیں۔ اس کے ساتھ مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد اور مشینری کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام مؤثر بنایا جا سکے۔
فیصل شوکت نے کہا کہ منصوبے کا اب تک 15 سے 20 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر دسمبر 2027 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔
تاجر برادری کی جانب سے سست رفتاری کی شکایات پر انہوں نے کہا کہ حسین آگاہی بازار میں واسا نے اپنی تاریخ کے تیز ترین منصوبوں میں سے ایک مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران وقتی طور پر کاروبار متاثر ہو سکتا ہے، تاہم ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد پانی کھڑا ہونے کے مسائل ختم ہوں گے، جس سے شہریوں اور تاجروں دونوں کو طویل المدتی فائدہ حاصل ہوگا۔
