کے پی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، 32 دہشتگرد ہلاک

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیوں کے دوران 32 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے آپریشنز میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس اطلاعات پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔