ملتان: ہارٹی کلچر ایجنسی کی شجرکاری مہم تیز، شجاع آباد روڈ پر 70 سے زائد سایہ دار درخت لگا دیے گئے

ملتان

ملتان میں شہر کو سرسبز اور ماحول دوست بنانے کے لیے ہارٹی کلچر ایجنسی کی جانب سے شجرکاری مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ ادارے نے شجاع آباد روڈ پر 70 سے زائد سایہ دار درختوں کی شجرکاری مکمل کر لی ہے، جبکہ نواب پور روڈ پر قائم میانواکی جنگل کی ازسرِ نو تعمیر بھی مکمل کر دی گئی ہے۔

ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان، سید وسیم حسن نے شجرکاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے ملتان وہاڑی روڈ، ملتان ایونیو، سیوڑہ چوک، ہیڈ محمد والا اور نواب پور روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو شجرکاری کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

سید وسیم حسن نے کہا کہ ملتان کو سرسبز و شاداب بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور ماحولیاتی تبدیلی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شہری آلودگی کے پیش نظر اربن فاریسٹیشن وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی گرین بیلٹس اور مختلف شاہراہوں کے کنارے مقامی اور سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول، صاف فضا اور قدرتی سایہ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ناردرن بائی پاس سے سہو چوک تک شجرکاری کا منصوبہ بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی اقسام کے درخت نہ صرف ماحول کے لیے زیادہ موزوں ہوتے ہیں بلکہ یہ موسمی تبدیلیوں کا بہتر مقابلہ بھی کرتے ہیں۔

ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز، صاف اور صحت مند ملتان چھوڑا جا سکے۔