بلوچستان میں لاپتا افراد کا معاملہ مستقل حل کر دیا گیا:سرفراز بگٹی

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شفاف گورننس اور میرٹ کے فروغ کے ذریعے ہی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہے اور انہیں ریاست کے ساتھ مضبوطی سے جوڑا جا سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں انتظامی بہتری کے لیے کابینہ کے اجلاس میں دو نئے ڈویژن، پشین اور کوہِ سلیمان، کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مزید ڈویژن اور اضلاع بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماضی میں مسنگ پرسنز کے مسئلے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا اور ریاست پر الزامات لگا کر ووٹ حاصل کرنے کی کوششیں کی گئیں، تاہم موجودہ حکومت نے پہلی بار اس معاملے کا عملی حل نکالا ہے۔

سرفراز بگٹی

انہوں نے واضح کیا کہ اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس مشتبہ افراد سے تفتیش کے لیے باقاعدہ قانونی فریم ورک موجود ہے، جس کے بعد لاپتا افراد کے حوالے سے ریاست پر الزام تراشی کا راستہ بند ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ جعلی ڈگری رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی ہوگی، جس کا آغاز ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد سے کیا جائے گا۔