سانحہ گل پلازہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے فی خاندان امداد کا اعلان
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کی مکمل بحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا کو فی خاندان ایک کروڑ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں سانحے کے بعد کی صورتحال اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ امدادی رقوم کی فراہمی کل سے باقاعدہ طور پر شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے باعث جانی نقصان نے کئی خاندانوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ سینکڑوں افراد روزگار سے محروم ہو چکے ہیں، اس لیے حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل رابطے میں ہیں اور پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں اور دیگر متاثرین کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اطلاعات کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں تھیں، جس کا مطلب ہے کہ متاثرین کی تعداد بھی اسی کے قریب ہے، لہٰذا بحالی کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے سانحے کو ایک بڑا اور سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں تین مختلف مقامات سے عمارت کے اندر داخل ہو کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ 73 لاپتا افراد کے حوالے سے بھی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ ان کا سراغ لگایا جا سکے۔
انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ملبہ ہٹانے کا کام فوری شروع کیا جائے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے آتشزدگی کی فرانزک رپورٹ تیار کروائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو معاوضہ بلا تاخیر فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق گل پلازہ کے متاثرین کے معاملات کی نگرانی اور بحالی کے عمل کو منظم بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو تمام اقدامات کی نگرانی کرے گی۔
