ٹی 20 ورلڈ کپ: میچز بھارت سے منتقل کرنے کی بنگلا دیش کی درخواست مسترد، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیاکھیل

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے سے متعلق بنگلا دیش کی درخواست کو منظور نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کروائے جائیں، تاہم آئی سی سی نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے بنگلا دیش کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت جا کر میچز کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت نہ جانے کی صورت میں بنگلا دیش کو پوائنٹس سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ کے حکام نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔

قبل ازیں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں بنگلا دیش کی ٹیم کسی بھی صورت بھارت جا کر ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ہندو انتہا پسند عناصر کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلا کر اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔