بھارت کا ایک بار پھر جنگی جنون کا مظاہرہ، پاکستانی سرحد کے قریب وسیع فضائی مشقوں کا اعلان

تازہ ترین

لاہور: بھارت نے ایک بار پھر جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی سرحد سے متصل گجرات کے حساس علاقوں میں بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) کے مطابق 20 سے 21 جنوری تک گجرات کے علاقے کچھ کے قریب فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند رکھا جائے گا، تاکہ انڈین ایئر فورس اپنی عسکری مشقیں انجام دے سکے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان فضائی مشقوں میں جدید ترین لڑاکا طیارے شامل ہوں گے جن میں رافیل، سخوئی-30 ایم کے آئی، جیگوار سمیت دیگر فرنٹ لائن جنگی جہاز حصہ لیں گے۔ مشقوں کے دوران تیز رفتار پروازیں، فضائی جنگی حکمتِ عملی اور ممکنہ طور پر لائیو فائرنگ یا بمباری کی تربیت بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ یہ مخصوص فضائی زون بھارت اور پاکستان کی جنوبی سرحد سے متصل حساس علاقوں پر مشتمل ہے، جن میں بحیرہ عرب، سر کریک، راجکوٹ اور احمد آباد کے قریبی علاقے شامل ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔