اسلام آباد، تہران اور استنبول کے درمیان فریٹ ٹرین سروس مؤخر

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیاکاروبار

اسلام آباد، تہران اور استنبول کو ملانے والی مجوزہ فریٹ ٹرین سروس آج سے شروع ہونا تھی، تاہم سکیورٹی کلیئرنس حاصل نہ ہونے کے باعث اس کا آغاز مؤخر کر دیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق محکمہ ریلویز نے اس بین الاقوامی مال بردار ٹرین سروس کو 31 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ منصوبے کے تحت ٹرین اسلام آباد سے روانہ ہو کر سبی کے راستے سپیزنڈ جنکشن پہنچتی، جہاں سے نوشکی اور دالبندین سے گزرتے ہوئے میر جاوا کے مقام پر ایران میں داخل ہونا تھا۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ڈویژن میں ٹرین کی آمد کے حوالے سے تمام انتظامی اور تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں، تاہم روانگی سے ایک روز قبل سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر سروس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محکمہ ریلویز کے مطابق سکیورٹی معاملات کی منظوری کے بعد فریٹ ٹرین سروس کے آغاز کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔