دبئی میں گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی ریکارڈ ساز نیلامی، ایک پلیٹ 74 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندلچسپ و عجیبدنیا

دبئی میں لگژری گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے خصوصی نمبر پلیٹس کی ایک شاندار اور مہنگی نیلامی منعقد کی گئی، جس میں قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔

عرب میڈیا کے مطابق اس نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 10 کروڑ 90 لاکھ درہم کی نمبر پلیٹس فروخت ہوئیں، جو پاکستانی کرنسی میں 8 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہیں۔

یہ دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی 120 ویں اوپن نمبر پلیٹ نیلامی تھی، جس میں سب سے قیمتی نمبر پلیٹ 96 لاکھ 60 ہزار درہم میں فروخت ہوئی، جس کی پاکستانی مالیت تقریباً 74 کروڑ روپے ہے۔

اسی نیلامی میں دوسری مہنگی ترین نمبر پلیٹ 80 لاکھ درہم سے زائد یعنی تقریباً 61 کروڑ پاکستانی روپے میں خریدی گئی، جبکہ ایک اور نمبر پلیٹ 67 لاکھ 40 ہزار درہم (تقریباً 51 کروڑ روپے) میں فروخت ہوئی۔ ایک نمبر پلیٹ کی قیمت پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 33 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی میں دو سے پانچ ہندسوں پر مشتمل 90 خصوصی نمبر پلیٹس پیش کی گئیں، اور اسے دبئی کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی نمبر پلیٹس نیلامی قرار دیا جا رہا ہے۔