پاکستان نے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اسرائیلی اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا
پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور کسی بھی ممکنہ کوشش کو فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی قرار دیتے ہوئے ناقابل قبول ٹھہرایا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے اسرائیل کے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کونسل کو بتایا کہ اسرائیل کی پالیسیاں ماضی میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے اور بے دخلی کا سبب بنتی رہی ہیں، اور اب یہ عدم استحکام افریقہ کے ہارن تک پھیلانے کی کوشش ہے۔
سفیر جدون نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی کسی بھی شکل میں جبری نقل مکانی کی سخت مخالفت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی فارمولے پر کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صومالی حکومت اپنے ملک میں استحکام کے لیے کوشاں ہے، جبکہ اسرائیلی اقدامات خطے میں تناؤ بڑھانے والے اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 26 دسمبر 2025 کو صومالی لینڈ کو باضابطہ طور پر آزاد اور خودمختار ریاست تسلیم کر لیا تھا، جس پر تمام مسلم ممالک سمیت افریقی یونین اور متعدد عالمی اداروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
