ایشیا کپ فائنل میں بھارت کو شکست،وزیراعظم کا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے ایک ،ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار فتح حاصل کرنے پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

ایشین انڈر 19 چیمپئن بننے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی استقبالیہ منعقد کیا گیا، جہاں وزیراعظم نے خود تمام کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزرا اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور بھارت کو فائنل میں شکست دینا ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود میچ دیکھا اور ٹیم جس جوش، جذبے اور عزم کے ساتھ میدان میں اتری، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ سب پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے کھلاڑیوں سے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے اور جلد ہی انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان کے نام کریں گے۔ وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو ہدایت کی کہ تمام کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان نوجوانوں میں سے کئی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سمیر منہاس کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ٹیم کا ہیرو قرار دیا، جبکہ محسن نقوی کو پی سی بی کے معاملات بہتر انداز میں چلانے پر مبارکباد بھی دی۔

ذرائع کے مطابق استقبالیے کے اختتام پر کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں وزیراعظم نے ٹیم کے ہمراہ کھانا کھایا اور غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایک، ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑا حوصلہ ہے اور یہی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔