پاکستانی کبڈی کھلاڑی کا بھارتی جھنڈے کے ساتھ میدان میں اترنا، فیڈریشن کی سخت کارروائی کا اعلان
بحرین میں ہونے والے ایک کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے، بھارتی شرٹ پہننے اور بھارتی پرچم کے ساتھ میدان میں اترنے کے واقعے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ معاملے پر فیڈریشن کی جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق چیئرمین چوہدری شافع حسین نے 27 دسمبر کو اجلاس طلب کیا ہے تاکہ واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بحرین میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑی شریک ہوئے، تاہم یہ کوئی قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس شرکت کے لیے فیڈریشن یا حکومت سے اجازت لی گئی تھی، جبکہ کسی کھلاڑی کو این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا۔
رانا سرور نے واضح کیا کہ یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس نے پاکستان کا نام استعمال کیا، جبکہ ایونٹ میں شرکت کے لیے نہ سرکاری اجازت حاصل کی گئی اور نہ ہی پاکستان کبڈی فیڈریشن کو اعتماد میں لیا گیا۔
فیڈریشن سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا اور بھارتی پرچم لہرانا ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا اور کسی کو غیر قانونی ایونٹس منعقد کرنے یا ان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
رانا سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کے نام کو کسی صورت بدنام نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اگرچہ کلب لیول پر مختلف ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہیں، تاہم کسی غیر ملکی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اس کا پرچم لہرانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
