ایران میں مسافر بس کو حادثہ، 13 افراد ہلاک

دنیا

ایران میں ایک ہائی وے پر بس الٹنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافروں سے بھری بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد جا رہی تھی کہ وسطی ایران کی ایک شاہراہ پر حادثے کا شکار ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر بس ہائی وے کی سینٹرل گارڈ ریل سے ٹکرا کر مخالف لین میں جاگری اور اس دوران بس نے ایک ٹیکسی کو بھی ٹکر مار دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں بس میں سوار 11 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ٹیکسی میں سوار دو مسافر بھی جان کی بازی ہار گئے۔

حادثے میں خواتین سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔