سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو طویل علالت کے بعد آج 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، جبکہ نماز جنازہ کل 17 دسمبر کو حویلی وساوے والا، اوکاڑہ میں دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔
حویلی لکھا (اوکاڑہ) سے تعلق رکھنے والے میاں منظور وٹو نے 1980 کی دہائی سے سیاسی سفر شروع کیا۔ وہ 1985 سے 1993 تک تین بار پنجاب اسمبلی کے اسپیکر رہے، 1993 میں وزیراعلیٰ پنجاب بنے اور پیپلز پارٹی کی حمایت سے اپنے عہدے پر برقرار رہے۔ بعد میں وہ وفاقی وزیر بھی رہے اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
اگرچہ ان کے بیٹے خرم جہانگیر وٹو اور بیٹی روبینہ شاہین وٹو اب پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں، مگر میاں منظور وٹو زندگی بھر پیپلز پارٹی سے وفادار رہے۔ سیاسی حلقوں میں ان کی وفات کو پنجاب کی ایک اہم سیاسی خاندانی شخصیت کا خاتمہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضی اور دیگر رہنماؤوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے یکجہتی کا اعلان کیا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔
