عالمی تحقیقاتی رپورٹ نے بھارتی دفاعی برتری کے بیانیے کو چیلنج کر دیا
ایک عالمی تحقیقاتی جائزے نے بھارت کی دفاعی برتری سے متعلق دعوؤں کو سخت سوالات کے گھیرے میں لے لیا ہے۔ ایوی ایشن کے معتبر جریدے ایرو میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارتی بیانیہ زمینی حقائق سے ہم آہنگ دکھائی نہیں دیتا۔
برطانوی جریدے کی ایرو میگزین کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 52 منٹ تک جاری رہنے والی فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS001، BS021، BS022 اور BS027 تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت ان طیاروں کی تباہی کے حوالے سے سیریل نمبرز کے ساتھ کوئی مستند اور واضح تصویری شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کی کارروائیوں کو مفلوج کر دیا، جبکہ بھارتی پائلٹس مؤثر مزاحمت نہ کر سکے۔
برطانوی جریدے کے مطابق بھارتی فضائیہ کے مجموعی نقصانات میں چار رافیل، ایک مگ-29، ایک ایس یو-30 اور ایک ہیرون ڈرون شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ 10 مئی کو جے ایف-17 بلاک تھری نے ادھم پور میں نصب بھارتی فضائی دفاعی نظام ایس-400 کو ناکارہ بنا کر تباہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے برنالا میں واقع بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بھی نشانہ بنایا، جس سے بھارتی فضائیہ کو ایک اور بڑا دھچکا پہنچا۔ یہ پہلا موقع قرار دیا گیا ہے جب کسی فضائیہ نے سائبر اور روایتی عسکری حکمتِ عملی کو یکجا کر کے مؤثر کارروائی کی۔
واضح رہے کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بھی بلومبرگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا تھا۔
