پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر موصول

اہم خبریںپاکستانکاروبار

اسلام آباد:عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو اپنے معاشی ریفارم پروگرام کے تحت 1.2 ارب امریکی ڈالر کی نئی قسط جاری کر دی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اعلان کیا ہے کہ یہ رقم آج ملک پہنچ چکی ہے، جو معاشی استحکام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ایس بی پی کے بیان کے مطابق، آئی ایم ایف کی ایگزیکٹو بورڈ نے 8 دسمبر 2025 کو پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کی دوسری جائزہ رپورٹ اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) کی پہلی جائزہ رپورٹ منظور کی۔ اس منظوری کے تحت 1 ارب ڈالر ای ایف ایف کے تحت اور 20 کروڑ ڈالر (200 ملین) آر ایس ایف کے تحت جاری کیے گئے۔

آئی ایم ایف کے مطابق، پاکستان نے مشکل عالمی حالات اور حالیہ تباہ کن سیلابوں کے باوجود معاشی استحکام برقرار رکھا ہے۔ ملک کی جی ڈی پی کا 1.3 فیصد پرائمری سرپلس حاصل ہوا، فارن ایکسچینج ریزرو 9.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر ہو گئے، جبکہ افراط زر میں بھی کمی کا رجحان نظر آ رہا ہے۔ اب تک دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو کل 3.3 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔