سعودی عرب میں گرج چمک اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی۔
شدید بارشوں کے باعث سعودی شہر ینبع میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، تیز ہواؤں کے باعث کئی عمارتوں کی چھتیں گر گئیں، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ملبہ گرنے سے کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق موسلا دھار بارشیں لانے والا سسٹم دوسرے شہروں کی طرف بڑھنے لگا ہے۔
خراب موسم کی وارننگ کے باعث آج جدہ اور ربیغ میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔
حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ محکمہ موسمیات کی جانب سے طلباء اور عملے کی حفاظت کے لیے جاری کردہ الرٹ کے بعد کیا گیا ہے۔
ادھر مدینہ منورہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے اور صحرائی وادیاں سیلابی پانی سے بھر گئی ہیں۔