بھارت میں انڈیگو ایئر کی انتظامی غفلت کے باعث پائلٹس کے اوقات کار کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے آج بھی سینکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کے فلائٹ آپریشن میں مشکلات کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں اور بحران کے پانچویں روز بھی پائلٹ کی کمی کے باعث ملک بھر میں سینکڑوں اندرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ایئر لائنز روزانہ کی بنیاد پر 400 طیاروں کے ساتھ 2300 پروازیں چلاتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیگو میں پائلٹ کا بحران انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی منصوبہ بندی نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا اور اس معاملے کو حکام کی جانب سے دیکھا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی، ممبئی، پونے، بنگلورو، چنئی، حیدرآباد اور گجرات کے ہوائی اڈوں سے 400 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے پائلٹس کے اوقات کار پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ایئر لائن نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 1 نومبر کی آخری تاریخ سے پہلے ان قوانین کے نفاذ کے لیے مناسب تیاری نہیں کر سکی، جس کی وجہ سے دسمبر کے مصروف سفری سیزن کے آغاز سے قبل اس ہفتے بڑے پیمانے پر پروازیں منسوخ ہو گئیں، جس سے ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔