دنیا نے معرکہ حق سے پہلے کبھی فضائی طاقت کا اتنا جرات مندانہ اور فیصلہ کن استعمال نہیں دیکھا، ائیر چیف مارشل
رسالپور : پاکستان ائیر فورس اکیڈمی میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی ایئر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تاریخی الفاظ میں آپریشن بنیانِ مرصوص کو یاد کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ جدید دور کی جنگ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔
ائیر چیف نے کہا جب 6 اور 7 مئی کی رات دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا تو پاک فضائیہ نے لمحوں میں دشمن کے رافیل سمیت جدید ترین لڑاکا طیارے مار گرائے۔ 10 مئی کو ہم نے دشمن کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔ دنیا نے معرکۂ حق سے پہلے فضائی طاقت کا اتنا جرات مندانہ، درست اور فیصلہ کن استعمال کبھی نہیں دیکھا۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے سائبر وارفیئر سے لے کر الیکٹرانک وارفیئر تک ہر محاذ پر مکمل برتری حاصل کی اور دشمن کی ہر حرکت کو سیکنڈوں میں مانیٹر کر کے اسے ناکام بنایا۔
ائیر چیف مارشل نے مزید کہا ہم دشمن کو اس سے کہیں زیادہ نقصان پہنچا سکتے تھے، لیکن ہم ایک پروفیشنل اور ذمے دار فورس ہیں۔ ہمارا ہر ایکشن کیلکولیٹڈ، مؤثر اور صرف ایک مقصد کے لیے ہوتا ہے: عزت کے ساتھ امن کا حصول۔
سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کی کارکردگی کو عالمی فوجی حلقوں میں نہ صرف تسلیم کیا جا رہا ہے بلکہ اس پر تفصیلی اسٹڈیز بھی کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے اس آپریشن میں غیر معمولی قائدانہ صلاحیتیں دکھائیں۔
آخر میں ائیر چیف نے نئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان ایک امن پسند مگر ذمے دار ایٹمی قوت ہے۔ اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ پاک فضائیہ کا ہر افسر اور جوان ملک و قوم کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔”
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نئے کمیشن یافتہ افسران نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف۔17 تھنڈر اور ایف۔16 طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔
