محمد مرتضیٰ نور پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (PAEC) اسلام آباد ریجن کے نئے جنرل سیکرٹری مقرر
اسلام آباد : پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (PAEC) نے معروف تعلیمی رہنما اور بین الاقوامی تعاون کے ماہر جناب محمد مرتضیٰ نور کو اسلام آباد ریجن کا جنرل سیکرٹری تعینات کر دیا ہے۔
یہ اہم تعیناتی PAEC کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر کی گئی۔ قیادت نے محمد مرتضیٰ نور کی 25 سال سے زائد کی خدمات، غیر معمولی قیادت اور پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نئے جنرل سیکرٹری اپنے عہدے پر فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور وہ اسلام آباد ریجن کے تمام انتظامی امور، نئی ممبرشپ کی توسیع، بڑے پیمانے پر کاروباری و تعلیمی ایونٹس کی کوآرڈینیشن اور پاکستان۔افریقہ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی نگرانی کریں گے۔
محمد مرتضیٰ نور اس سے قبل ملک کے سب سے بڑے یونیورسٹی نیٹ ورک IUCPSS کے نیشنل کوآرڈینیٹر، پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کی انجمن (APSUP) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پاکستان کے سب سے بڑے طلبہ ایکسپو کے بانی رہ چکے ہیں۔ وہ OIC-COMSTECH میں ایڈوائزر، گلوبل ہائر ایجوکیشن لیڈرشپ اکیڈمی کے کنٹری کوآرڈینیٹر اور HEC، LUMS، UNDP سمیت متعدد اداروں کے ساتھ کلیدی پروجیکٹس پر کام کر چکے ہیں۔
PAEC کے چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا: "محمد مرتضیٰ نور کی تعیناتی سے پاکستان اور افریقہ کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو نئی رفتار ملے گی۔ ان کی قیادت میں ہم افریقی ممالک کے ساتھ ٹریڈ، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے نئے دروازے کھولیں گے۔”
محمد مرتضیٰ نور نے تعیناتی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: "یہ میرے لیے عظیم اعزاز ہے کہ مجھے پاکستان اور افریقہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ ہم مل کر دونوں خطوں کے نوجوانوں، تاجروں اور اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گے۔”
ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر امن ایوارڈ، سول ایجوکیشن ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
PAEC کے ذرائع کے مطابق جنرل سیکرٹری محمد مرتضیٰ نور کا پہلا بڑا ایونٹ رواں ماہ کے آخر میں "پاک۔افریقہ بزنس اینڈ ایجوکیشن سمٹ 2025” ہوگا جو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
