لاہور: ممتاز ادبی و علمی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں

پاکستانتازہ ترین

پاکستان کی معروف محقق، استاد اور مؤرخ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق نامور شاعر اور ڈرامہ نویس اصغر ندیم سید نے کی، جنہوں نے ان کے دنیا سے رخصت ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ نمازِ جنازہ سے متعلق اعلان بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا بطور پرنسپل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پروفیسر آف ہسٹری کے طور پر برسوں خدمات انجام دیتی رہیں۔ انہوں نے بی اے آنرز لاہور کالج سے اور ایم اے اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے مکمل کیا، جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی آف ہوائی کے ایسٹ ویسٹ سینٹر سے تاریخ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

1986 سے 2009 تک وہ گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی سربراہ رہیں۔ علم و تحقیق کے ساتھ ساتھ وہ سماجی و ثقافتی سرگرمیوں، مختلف تعلیمی و انتظامی بورڈز اور کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرتی رہیں۔ سات زبانوں پر دسترس رکھنے والی عارفہ سیدہ زہرا خواتین کے حقوق اور معاشرتی اصلاحات کی توانا آواز سمجھی جاتی تھیں۔

دانشور حلقوں اور علمی اداروں نے ان کی وفات کو ملک کے فکری و علمی منظرنامے کا ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔