شیو سینا کا وزیرِ اعظم مودی کو خط، ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کی مخالفت
بھارت کی سیاسی جماعت شیو سینا نے ایک بار پھر انڈیا-پاکستان کرکٹ میچ کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وفاقی وزراء کو خطوط ارسال کیے ہیں۔
جن میں ایشیا کپ 2025 کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان شیڈول میچ منسوخ کرنے اور اس کی براہِ راست نشریات پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شیو سینا کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راؤت نے اپنے خط میں کہا کہ: ’’پہلگام حملے میں مارے گئے انڈین شہریوں کے خون ابھی خشک نہیں ہوئے اور ان کے اہل خانہ کے آنسو بھی نہیں تھمے، ایسے میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا غیر انسانی فعل ہوگا۔‘‘
انھوں نے یہ خط سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، اور بی سی سی آئی کو ٹیگ کیا۔
’پاکستان کے ساتھ تعلق غداری کے مترادف ہوگا‘: پرینکا چترویدی
اسی حوالے سے شیو سینا کی ترجمان اور رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کو ایک علیحدہ خط ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ: ’’انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کی براہ راست نشریات نہ کی جائے۔ یہ حکومت کی عوامی حمایت اور قومی مفاد کے خلاف ہوگا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ: ’’آپریشن سندور ابھی جاری ہے، اور ایسی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھیلنا اُن شہدا کے لواحقین سے غداری کے مترادف ہوگا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔‘‘
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی پارلیمان میں اپنی تقریر کے دوران میچ کے انعقاد پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا: ’’کیا آپ کا ضمیر اجازت دیتا ہے کہ ہم شہیدوں کے اہل خانہ کو کہیں کہ پاکستان کے ساتھ میچ دیکھو؟ اگر ہم پانی روک سکتے ہیں تو کرکٹ کیوں نہیں؟‘‘
ان کی یہ تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
پس منظر: ایشیا کپ 2025 اور آپریشن سندور
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں انڈیا، پاکستان، عمان اور متحدہ عرب امارات کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔ انڈیا کا پہلا میچ 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف ہے جبکہ 14 ستمبر کو دبئی میں پاکستان سے ٹاکرا ہوگا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اپریل کے اواخر میں پہلگام حملے کے بعد انڈیا نے الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جس کے بعد ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان میں مبینہ شدت پسند ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایک مختصر کشیدگی کے بعد جنگ بندی ہوئی، مگر وزیر اعظم نے حالیہ پارلیمانی اجلاس میں واضح کیا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا۔
کیا میچ ہوگا یا نہیں؟
ایسے میں جب عوامی اور سیاسی سطح پر پاکستان کے خلاف شدید غصہ پایا جا رہا ہے، ایشیا کپ میں انڈیا کی شرکت اور پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے پر سوالات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ کرکٹ حلقوں میں بھی اس حوالے سے بحث جاری ہے کہ کیا انڈیا واقعی یہ میچ کھیلے گا یا دباؤ میں آ کر کوئی بڑا فیصلہ کرے گا۔
