اسٹیٹ بینک نے جدید ادائیگیوں کا نظام ’’پرزم پلس‘‘ متعارف کرا دیا

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکاروبار

کراچی: پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کا نیا دور شروع ہو گیا، اسٹیٹ بینک نے ادائیگیوں کا جدید نظام ’’پرزم پلس‘‘ متعارف کرادیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب کے دوران کہا کہ ریئل ٹائم انٹربینک پیمنٹ سیٹلمنٹ کے نئے ورژن ’’پرزم پلس‘‘ سے ملک میں مالیاتی لین دین میں شفافیت اور تیز رفتاری آئے گی۔

تقریب میں بینکنگ انڈسٹری کی اہم شخصیات اور عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ گورنر نے بتایا کہ پرانے نظام کے تحت گزشتہ سال 1,043 کھرب روپے مالیت کی ٹرانزیکشنز پروسیس کی گئی تھیں، جن میں سب سے زیادہ حصہ 730 کھرب روپے مالیت کی حکومتی سیکیورٹیز کی لین دین کا تھا، جبکہ حجم کے اعتبار سے 91 فیصد لین دین کسٹمر ٹرانسفرز پر مشتمل تھی۔

جمیل احمد نے کہا کہ ’’پرزم پلس‘‘ عالمی معیار ISO 20022 پر مبنی ہے اور اس میں لیکویڈیٹی مینجمنٹ، مستقبل کی ادائیگیوں کی شیڈولنگ، اور مرکزی سیکیورٹیز ڈپازٹری سے مربوط فیچرز شامل ہیں، جو نیلامیوں اور اوپن مارکیٹ آپریشنز کو آسان بنائیں گے۔

پاکستان میں گوگل والٹ متعارف: ڈیجیٹل ادائیگیوں میں انقلابی قدم

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کی تکنیکی معاونت سے یہ نظام کامیابی سے 14 ماہ میں متعارف کرایا گیا، اور پاکستان کا پیمنٹ سسٹم عالمی سطح پر مسابقتی بن چکا ہے۔ ملک میں 22 کروڑ 50 لاکھ بینک اکاؤنٹ اور ڈیجیٹل والٹس ہولڈرز موجود ہیں، جن میں 9 کروڑ 60 لاکھ یونیک اکاؤنٹ ہولڈرز شامل ہیں۔