لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب عوام ایکسپریس کو حادثہ،2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،ایک مسافر جاں بحق،21 زخمی

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوز

لودھراں: پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو کوچز پٹری سے اتر گئیں اور لگیج وین سمیت تین کوچز الٹ گئے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور 21 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے دو شدید زخمیوں کو بہاولپور ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ باقی معمولی زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں میں طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق مسافر کے لیے دکھ کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیر ریلوے نے ڈی ایس ملتان اور ہنگامی میڈیکل ٹیم کو جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کام فوری طور پر مکمل کرنے اور مسافروں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

حادثے کے بعد متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔ دیگر ٹرینوں کو اپ ٹریک سے گزارا جا رہا ہے اور کسی بھی ٹرین کے معمولات متاثر نہیں ہوئے۔

رحیم یار خان:مسافر ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی

وزیر ریلوے کا جائے حادثہ کی مکمل انکوائری کا حکم

وزیر ریلوے نے جائے حادثہ کی مکمل انکوائری کا حکم دیا اور سات روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر ریلوے نے اپنے کراچی دورے کو منسوخ کر کے لاہور روانہ ہو گئے اور ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس کی صدارت خود محمد حنیف عباسی کریں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ کسی بھی صورت میں انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حادثے کے ذمہ داران کے خلاف صرف تادیبی کارروائی یا ٹرانسفر نہیں بلکہ سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور اس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ وزیر ریلوے کل لودھراں جا کر حادثہ کی جگہ کا وزٹ بھی کریں گے۔