کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا،پاکستان کا امریکی فیصلے کا خیر مقدم
اسلام آباد: پاکستان نے امریکی حکومت کے اس اہم فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ پاکستان نے خود 18 جولائی 2024 کو مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم کے طور پر شناخت کر رکھا ہے۔ دونوں تنظیمیں ملک میں متعدد دہشتگردانہ حملوں میں ملوث رہی ہیں۔
ترجمان نے جعفر ایکسپریس اور خضدار بس حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط دفاعی دیوار ہے۔ ملک کی قربانیوں کی بدولت انسداد دہشتگردی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
مزید برآں، ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کی حفاظت، دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
