جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن کی تشکیل نو، جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نئے چیئرمین مقرر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیشن کی ازسرِ نو تشکیل کرتے ہوئے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔ نئے چیئرمین نے لاہور اور کراچی میں پہلے ہی 50 سے زائد مقدمات کی سماعت مکمل کر لی ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس (ر) نذر اکبر کو سندھ، ریٹائرڈ جج محمد بشیر کو اسلام آباد اور جسٹس (ر) سید افسر شاہ کو خیبرپختونخوا سے کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق، چیئرمین جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کی سربراہی میں جولائی کے مہینے میں 70 کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ 15 نئی شکایات بھی رجسٹر کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، لاپتہ افراد کے خاندانوں کی مالی مدد کے لیے 50 لاکھ روپے کے مالیاتی پیکج پر عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
جبری گمشدگی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیس، وزیراعظم آئندہ سماعت پر طلب
اب تک کمیشن کو جبری گمشدگیوں سے متعلق 10,607 شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 8,770 کیسز—یعنی تقریباً 82 فیصد—حل کیے جا چکے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین نے پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور سندھ کے سیکرٹری داخلہ و آئی جیز پولیس سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں اور صوبائی ٹاسک فورسز کو رپورٹیں بروقت جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
