الیکشن کمیشن نے شبلی فراز، عمر ایوب سمیت 9 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں سینیٹر شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی عمر ایوب اور دیگر سات ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے کر ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔

نااہلی کی زد میں آنے والے افراد میں 5 ارکان قومی اسمبلی، 3 ارکان پنجاب اسمبلی اور ایک سینیٹر شامل ہیں۔ ان میں رائے حیدر علی، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز، اور جنید افضل ساہی کے نام شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اراکین انصر اقبال، رائے محمد مرتضیٰ اقبال بھی نااہل قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان تمام ارکان کی پارلیمانی نشستیں اب خالی تصور ہوں گی، اور ان پر دوبارہ انتخاب کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

“اب ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہی رکیں گے”،بیرسٹر گوہر

یہ فیصلہ 31 جولائی کو انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی جانب سے سنائے گئے احکامات کی روشنی میں کیا گیا، جس میں 9 مئی کے تین مختلف مقدمات میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور دیگر 196 افراد کو سزائیں سنائی گئی تھیں۔

عدالت نے دو مقدمات میں 168 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا دی، جبکہ تیسرے مقدمے میں جنید افضل کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ان مقدمات میں دہشت گردی، امن عامہ میں خلل اور ریاستی اداروں پر حملے کے الزامات شامل تھے۔