پاکستانی طلبہ نے ورلڈ اسکالر کپ گلوبل راؤنڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کردی

پاکستانتازہ ترینکھیل

لاہور: پاکستانی طالب علموں نے دوحا میں منعقدہ ورلڈ اسکالر کپ کے گلوبل راؤنڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

11 سے 17 جون تک جاری رہنے والے اس عالمی مقابلے میں ایچیسن کالج کے تین ہونہار طالب علموں، ابراہیم عثمان اجمل، محمد احمد ذوالفقار اور حسین اسلم بھنڈر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ مقابلے میں 50 سے زائد ممالک کے تقریباً 1700 وفود نے شرکت کی، جہاں کوئز، مباحثہ اور تحریری مقابلوں میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 92 میڈلز اور 11 ٹرافیاں حاصل کیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی ٹیم نے ورلڈ اسکالر کپ گلوبل راؤنڈ میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس فتح کے ساتھ یہ تینوں طالب علم اس سال امریکہ میں ییل یونیورسٹی میں ہونے والے چیمپئن ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کریں گے۔