کرکٹ میں نئے قوانین متعارف: آئی سی سی نے پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلیاں کر دیں
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے نئے قوانین کا اعلان کرتے ہوئے پلیئنگ کنڈیشنز میں کئی اہم تبدیلیاں نافذ کر دی ہیں، جو فوری طور پر لاگو ہوں گی۔
اسٹاپ کلاک
آئی سی سی نے وائٹ بال کرکٹ کے بعد اب ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی اسٹاپ کلاک متعارف کرا دی ہے۔ سلو اوور ریٹ ہمیشہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک چیلنج رہا، اور اس کا حل نکالنے کے لیے یہ نیا ضابطہ متعارف کرایا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت فیلڈنگ سائیڈ کو ایک اوور مکمل ہونے کے بعد اگلا اوور ایک منٹ کے اندر شروع کرنا ہوگا۔ اگر مقررہ وقت میں باؤلنگ سائیڈ اوور شروع نہ کر پائی تو امپائر دو بار وارننگ دیں گے، اور تیسری بار تاخیر پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کی جائے گی۔ اسٹاپ کلاک کا یہ ضابطہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل پر نافذ ہوگا۔
گیند پر تھوک کے استعمال کی ممانعت
جان بوجھ کر گیند پر تھوک استعمال کرنے پر گیند تبدیل نہیں کی جائے گی، تاہم اس حرکت سے گیند کی ساخت متاثر ہونے پر امپائر بلے باز ٹیم کو پانچ رنز بطور پنالٹی دے سکتے ہیں۔
جان بوجھ کر شارٹ رن لینے پر پنالٹی
بیٹنگ سائیڈ کی جانب سے اگر جان بوجھ کر شارٹ رن لینے کی کوشش کی گئی تو امپائر پانچ پنالٹی رنز باؤلنگ سائیڈ کو دے گا۔ اس کے ساتھ اسٹرائیک کا فیصلہ باؤلنگ سائیڈ کرے گی اور وہ اپنی مرضی کا بلے باز اسٹرائیک پر بلا سکے گی۔
کیچ کی فیئرنس کا ریویو
آئی سی سی نے کیچ پر شک کی صورت میں ریویو سسٹم میں بھی تبدیلی کی ہے۔ نئے قوانین کے مطابق اگر امپائر کو کیچ پکڑنے پر شک ہو تو تھرڈ امپائر نوبال چیک کرنے کے ساتھ ساتھ کیچ کا بھی جائزہ لے گا۔ پہلے تھرڈ امپائر نوبال چیک کرتا تھا اور نوبال ہونے کی صورت میں کیچ کی اپیل کو نظر انداز کر دیا جاتا تھا۔ نئے رولز کے تحت اگر نوبال کے ساتھ کیچ فیئر ہو تو بیٹنگ سائیڈ کو نوبال کا ایک رن ملے گا، جبکہ کیچ فیئر نہ ہونے کی صورت میں رنز کا تعین اس بنیاد پر ہوگا جو اس دوران لیے گئے ہوں۔
یہ تمام نئے قوانین کھیل میں شفافیت اور تیزی لانے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، تاکہ میچوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے اور کھیل کی روح متاثر نہ ہو۔
