انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست پر سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے
لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ناکامی پر سابق کپتان سنیل گواسکر نے اپنی ٹیم پر سخت تنقید کی۔ گواسکر کا کہنا تھا کہ جیت کا سہرا انگلش ٹیم کو جاتا ہے، کیونکہ پانچ سنچریوں کے باوجود بھارتی ٹیم موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکی۔ انھوں نے کہا کہ اضافی رنز دینا بھاری پڑ گیا اور یہی فرق شکست کا سبب بنا۔
گواسکر نے بھارتی فیلڈنگ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف کیچز چھوٹے، بلکہ آؤٹ فیلڈ میں کارکردگی بھی مایوس کن رہی، جو کسی بھی طرح ٹیسٹ کرکٹ کے معیار پر پوری نہیں اترتی۔
سابق کپتان نے کہا کہ پچ بلے بازی کے لیے سازگار تھی اس لیے بولرز پر تنقید کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ البتہ امید ہے کھلاڑی اس میچ سے سبق سیکھیں گے کیونکہ اگلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ دن باقی ہیں۔ انھوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دو دن آرام کے بعد سنجیدہ پریکٹس شروع کریں اور اختیاری مشقوں کو چھوڑ کر اپنی خامیوں پر محنت کریں۔
سنیل گواسکر نے مزید کہا، ’’آپ بھارت کے لیے کھیلنے آئے ہیں، اس لیے اپنی پریکٹس اس انداز میں کریں کہ میدان میں اپنی سو فیصد کارکردگی پیش کر سکیں۔‘‘
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز کے افتتاحی مقابلے میں انگلینڈ نے لیڈز میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
