ایرانی حملے پر حیرت، تعلقات متاثر ہوں گے: قطری وزیراعظم

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

دوحا: قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے ایران کے حملے پر شدید حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف ناقابلِ قبول تھا بلکہ دوطرفہ تعلقات پر بھی اثر انداز ہوگا۔

دوحا میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیراعظم نے کہا کہ ایران کا قطر پر حملہ سفارتی آداب کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کل جو واقعہ پیش آیا، اس نے قطری عوام کو گہرا صدمہ پہنچایا، اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس حملے کا اثر قطر اور ایران کے تعلقات پر پڑے گا، تاہم امید ظاہر کی کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ روابط متاثر نہ ہوں۔ محمد بن عبدالرحمان نے قطر کی فضائی دفاعی افواج کو سراہا اور کہا کہ ہماری ائیرڈیفنس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایرانی حملے کو ناکام بنایا۔ قطر اپنی خودمختاری اور سلامتی کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور ایران اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر اتفاق اس کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر خلیج تعاون کونسل کے دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا گیا اور لبنان و ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

پریس کانفرنس میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے کہا کہ لبنان قطری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور اسرائیلی حملوں کو ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کی خودمختاری کا ہر قیمت پر احترام کیا جانا چاہیے۔