FATF اجلاس: بھارت کی ناکام کوششیں، پاکستان عالمی اعتماد کے ساتھ کامیاب

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد : فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کے خلاف بھارتی کوششیں ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہو گئیں۔ بھارت کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ پاکستان کو محض رپورٹنگ کی سطح پر رکھا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے FATF اجلاس سے قبل مختلف ممالک پر دباؤ ڈالا کہ پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا جائے، تاہم اجلاس میں یہ کوشش مکمل طور پر ناکام رہی۔ چین، ترکی اور جاپان نے پاکستان کے حق میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کی۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے لیے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے بعد سفارتی حملوں کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پیش پیش رہی، جس نے نئی دہلی میں پاکستان مخالف "ڈس انفو لیب” قائم کی، جس کا مقصد جھوٹی معلومات اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔

بھارتی سفارتی وفود نے مختلف ممالک کا دورہ کیا اور پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی، مگر عالمی برادری نے بھارت کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے اسرائیلی لابی کی مدد سے FATF کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی، مگر رکن ممالک نے بھارتی پروپیگنڈے کو یکسر نظر انداز کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کیا جانا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جو اس کے بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد اور موثر خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔ ہندوتوا اور صہیونی اتحاد کی مشترکہ سازشیں بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ FATF کا حالیہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ بہتر ہوئی ہے اور سفارتی محاذ پر اس کی پوزیشن مسلسل مستحکم ہو رہی ہے۔