ارشد ندیم کی ایک اور تاریخ ساز کامیابی، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت لیا
جنوبی کوریا:پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے فائنل میں شاندار 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
فائنل مقابلے کا آغاز پاکستان کے یاسر سلطان کی تھرو سے ہوا، جنہوں نے ابتدائی باری میں 70.53 میٹر اور دوسری باری میں 75.39 میٹر کی تھرو کی، جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.50 میٹر کی کارکردگی دکھائی۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 75.64 میٹر، دوسری میں 76.80 میٹر اور تیسری تھرو میں غیر معمولی 85.57 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ چوتھی باری میں بھی انہوں نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 83.99 میٹر کی تھرو کی۔

چوتھے راؤنڈ کے اختتام تک وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہے۔ آخری باری میں ارشد ندیم نے 86.40 میٹر کی زبردست تھرو کے ساتھ مقابلے کا شاندار اختتام کیا اور باضابطہ طور پر طلائی تمغے کے حق دار بن گئے۔
مقابلے میں بھارت کے سچن یادو نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان کے یاسر سلطان بھی قابل ذکر کارکردگی کے ساتھ نمایاں رہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں، اور یہ ان کی بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑی فتح ہے۔
قوم کے اس سپوت کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
