وزیراعلیٰ پنجاب کا روٹی کی قیمت میں کمی کا حکم

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد روٹی کی قیمت میں فوری کمی کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ آٹے کی نئی قیمت کے تناسب سے روٹی کے نرخ فوری طور پر مقرر کیے جائیں تاکہ اس کا براہ راست فائدہ عام شہریوں، خصوصاً نچلے طبقے کو پہنچ سکے۔

مریم نواز نے کہا کہ روٹی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اس پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح تک لانے کا ہدف ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے چکن، دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں پر کڑی نگرانی کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چکن مزید مہنگی ہو گئی تو غریب طبقہ ہفتے میں ایک بار بھی گوشت نہیں کھا پائے گا، اور یہ صورتحال کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ عوامی مفاد میں قیمتوں پر فوری نظرِثانی کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنایا جائے تاکہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ ضائع نہ ہو۔