پاکستان کی برتری، 16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی، تہلکہ خیز رپورٹ

پاکستانتازہ ترین

سینئر سیاستدان، ماہر خارجہ امور اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تیار کردہ اہم اور جامع رپورٹ ’16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی: مودی کا غلط اندازہ کس طرح پاکستان کی برتری کا باعث بنا‘ کا باقاعدہ اجرا کر دیا۔

یہ رپورٹ پاک-بھارت حالیہ کشیدگی پر گہرائی سے روشنی ڈالتی ہے اور اسے جنوبی ایشیا کے دفاعی منظرنامے میں ایک تاریخی موڑ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کی اہم جھلکیاں: پاکستان کی واضح برتری، بھارت کا اسٹریٹجک ناکامی

 رپورٹ میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے غلط اندازوں کو بھارت کے لیے اسٹریٹجک دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کشیدگی نے پاکستان کی عسکری اور سفارتی برتری کو نمایاں کیا۔ رپورٹ میں مئی 2025 میں حاصل کردہ جنگی برتری کو پاکستان کا "شاندار ترین لمحہ” قرار دیا گیا ہے اور اسے 1962 میں بھارت کی چین سے شکست کے بعد سب سے بڑی اسٹریٹجک ناکامی سے تعبیر کیا گیا ہے۔

پاکستانی قیادت، عسکری حکمتِ عملی اور ٹیکنالوجی کی برتری

رپورٹ کے اجرا کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے تینوں افواج کے مابین شاندار تعاون اور مثالی حکمت عملی کی بنیاد رکھی۔

رپورٹ میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کی تربیت، جذبہ اور جدید الیکٹرانک و سائبر وارفیئر میں مہارت کو بھی سراہا گیا ہے، جو فیصلہ کن برتری کا باعث بنی۔

سفارتی محاذ پر کامیابی اور عوامی یکجہتی

سینیٹر مشاہد نے دفتر خارجہ کی مؤثر سفارت کاری، سنجیدہ میڈیا بیانیے اور قوم کے بلند حوصلے کو بھی پاکستان کی اس کامیابی کا حصہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی 1998 کے ایٹمی تجربات کے بعد یہ ایک اور لمحہ فخر تھا، جب مکمل ہم آہنگی اور منصوبہ بندی کے ساتھ ہر شعبہ متحرک دکھائی دیا۔

عالمی ردعمل: چین اور امریکا کا اہم کردار

رپورٹ میں چین کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جو صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاکستان کے ساتھ ’چٹان کی طرح‘ کھڑا رہا۔ سینیٹر مشاہد نے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی بھی تعریف کی، جنہوں نے سیز فائر کے لیے ثالثی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو دوبارہ عالمی ایجنڈے پر زندہ کیا۔

نئی اسٹریٹجک حقیقتیں: جنوبی ایشیا کا نیا منظرنامہ

سینیٹر مشاہد نے کہا کہ مئی کے واقعات نے تین نئی اسٹریٹجک حقیقتیں واضح کیں:

  1. پاکستان نے خطے میں دفاعی طاقت کا توازن بحال کر دیا ہے۔

  2. چین عملی طور پر مسئلہ کشمیر کا ایک فریق بن چکا ہے۔

  3. امریکا ایک غیر جانبدار طاقت کے طور پر جنوبی ایشیا میں امن کے تحفظ میں کردار ادا کر رہا ہے۔

رپورٹ کی تجویز کردہ 3 نکاتی حکمتِ عملی

پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ میں آئندہ کے لیے ایک متحرک اور جامع تین نکاتی حکمت عملی تجویز کی گئی ہے:

  1. متحرک سفارت کاری: جنوبی ایشیائی ممالک میں اسٹریٹجک اتحاد، خصوصاً چین، ترکی، ایران، سعودی عرب اور آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا۔

  2. قانونی اور عالمی فورمز پر کارروائی: دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے پر تخلیقی قانونی اقدامات، آر ایس ایس اور ہندوتوا نظریے کو عالمی عدالتوں میں چیلنج کرنا۔

  3. بیانیے کی جنگ: میڈیا، تھنک ٹینکس، پالیسی سازوں، پارلیمانی اور عوامی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنا۔

سرورق اور علامتی پیغام

رپورٹ کے سرورق پر جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10سی طیاروں کی پروازوں کی تصاویر موجود ہیں، جو پاکستان کی فضائی برتری اور دفاعی خودمختاری کی علامت ہیں۔

یہ رپورٹ نہ صرف حالیہ کشیدگی کا تجزیہ ہے بلکہ مستقبل کے لیے پاکستان کے اسٹریٹجک اور سفارتی لائحہ عمل کا بھی خاکہ پیش کرتی ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔