خضدار اسکول بس حملہ: مزید دو بچے شہید، مجموعی تعداد 5 ہوگئی – 4 کی حالت تشویشناک

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو مزید طلبہ جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد شہید ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد پانچ ہوگئی ہے، جن میں چار طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دورانِ علاج شدید زخمی طالب علم حیدر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ اسپتال میں زیرِ علاج دیگر چار بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھارتی پراکسیز سرگرم ہیں، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دھماکے میں شہید ہونے والی دو بہنوں کو آبائی علاقے میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا، جس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی شرکت کی اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔

دوسری جانب پولیس نے دہشتگرد حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا ہے اور تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔

خضدار کا یہ واقعہ ایک بار پھر سیکیورٹی اداروں اور قوم کے لیے لمحۂ فکریہ بن گیا ہے، جبکہ شہداء کے اہل خانہ انصاف اور امن کی بحالی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔