پاکستانی کمیونٹی نے دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا اماراتی پرچم بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایک شاندار اور تاریخی اقدام کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دنیا کا سب سے بڑا جھنڈا انسانی ہاتھوں کے نشانات سے تخلیق کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس عظیم پرچم کی تشکیل میں 24,514 ہاتھوں کے نشانات شامل تھے، جو امارات کے اتحاد، تنوع اور بھائی چارے کی علامت بن گئے۔
یہ شاندار تقریب 22 مئی کو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل حسین محمد نے اس کارنامے کی باقاعدہ تصدیق کی۔
سفیر فیصل ترمذی نے ہاتھوں کے ان نشانات کو "دل کی دھڑکن” قرار دیتے ہوئے اس تخلیقی اظہار کو شیخ محمد بن زید النہیان کے وژن اور پاک-امارات دوستی کی خوبصورت عکاسی قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال ہے بلکہ دونوں قوموں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
یہ منفرد منصوبہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور Emirates Loves Pakistan کی مشترکہ کاوش سے ممکن ہوا، جس کا تصور دبئی کی معروف فنکارہ رباب زہرا نے پیش کیا۔ اس تخلیقی جدوجہد کا آغاز 13 اپریل کو "پاکستان ہیلتھ ویک” کے دوران ہوا اور ایک ماہ کی مسلسل محنت کے بعد اسے عملی شکل دی گئی۔
رباب زہرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"جب میں نے اس تصور کا خواب دیکھا تو میں نے فوراً PAD سے رابطہ کیا۔ ہم سب نے دن رات محنت کی اور آج میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ جب ارادہ پختہ ہو اور عزم بلند ہو، تو خواب حقیقت بن جاتے ہیں۔”
اس ریکارڈ کی تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے ایمبالی نکوسی نے کی، جنہوں نے اس کامیابی کو "ایک غیر معمولی کارنامہ” قرار دیا اور تمام منتظمین و شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے تمام معاونین، رضاکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ کامیابی صرف ایک ریکارڈ نہیں بلکہ امارات میں کمیونٹی کی طاقت، اتحاد اور مثبت کردار کی عکاس ہے۔ یہ اقدام یو اے ای کے ‘Year of Community 2025’ کی روح سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔”
