خضدار سکول بس دھماکے میں طالبات سمیت 5 شہید، آپریشن بُنیان مرصوص میں شرمناک شکست کے بعد بھارت نے حملہ کرایا، ترجمان پاک فوج

پاکستانتازہ ترین

بلوچستان کے ضلع خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں اسکول بس کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔

سکول بس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جبکہ 35 سے زائد بچے شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب اسکول بس بچوں کو اسکول لے جا رہی تھی۔

شہید بچوں کی شناخت

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس اندوہناک حملے میں شہید ہونے والی طالبات کی شناخت درج ذیل ہے:

  • ثانیہ سومرو – جماعت ششم

  • حفظہ کوثر – جماعت ہفتم

  • عیشا سلیم – جماعت دہم

جبکہ اسکول بس کا ڈرائیور اور ہیلپر بھی دھماکے کا نشانہ بنے اور موقع پر شہید ہو گئے۔

زخمی بچوں کی حالت اور طبی امداد

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق دھماکے میں کم از کم 35 بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق شدید زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔


آئی ایس پی آر کا انکشاف: حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں ہوئی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک اہم بیان میں اس حملے کو بھارت میں منصوبہ بند دہشتگرد کارروائی قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق:

"یہ بزدلانہ حملہ بھارت میں منصوبہ بندی کے بعد بلوچستان میں موجود اس کی پراکسیز کے ذریعے انجام دیا گیا۔ بھارت، میدان جنگ میں ذلت آمیز شکست کے بعد اب پاکستان کے بچوں کو نشانہ بنا کر نفسیاتی جنگ لڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔”

فوجی ترجمان کے مطابق یہ حملہ پاکستان میں تعلیم، امن اور استحکام کے خلاف دشمن کے مذموم عزائم کا ثبوت ہے۔


صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی شدید مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر نے کہا:

"معصوم بچوں پر وحشیانہ حملہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔ دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔”

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا:

"بھارتی سرپرستی میں پلنے والے دہشتگردوں نے بلوچستان میں معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر درندگی کی انتہا کر دی ہے۔ یہ حملہ تعلیم دشمنی اور انسانیت سوز بربریت کی بدترین مثال ہے۔”

انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمی بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے اور حملے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے مثالی سزا دینے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا:

"یہ حملہ دشمن کی جانب سے ملک میں بدامنی پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے۔ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔”


وزیراعلیٰ بلوچستان کا دبنگ بیان: اجیت دوول کو ذمہ دار قرار دے دیا

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو براہ راست اس دہشتگردی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
انہوں نے کہا:

"ہمیں خفیہ اطلاعات تھیں کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، مگر ہم نے کبھی یہ تصور نہیں کیا تھا کہ بزدل دشمن معصوم طالبات کو بھی نشانہ بنائے گا۔"

انہوں نے مزید کہا:

"ہم بچوں کے خون کی قسم کھا کر کہتے ہیں، ان دہشتگردوں کو چن چن کر ختم کریں گے۔ یہ کوئی حقوق کی جنگ نہیں، بلکہ بھارت کی پیسے کے بدلے دہشتگردی ہے۔”