نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار علاقائی اور عالمی صورتحال، خصوصاً تازہ پاک-بھارت تناؤ پر تبادلۂ خیال کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
خصوصی سرکاری طیارہ چینی دارالحکومت میں اترتے ہی میزبان حکام نے اسحاق ڈار اور اُن کے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ پاک-چین قیادت کے درمیان یہ پہلی اعلیٰ سطح میٹنگ ہے جو حالیہ سیز فائر کے بعد آج بیجنگ میں منعقد ہو رہی ہے۔
چینی حکومت کی دعوت پر کیے گئے اس دورے میں اسحاق ڈار اپنے ہم منصب وانگ ای سے اہم بات چیت کریں گے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ وزٹ دونوں ممالک کے اعلیٰ رابطوں کے تسلسل کا حصہ ہے اور اس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، علاقائی امن و استحکام سمیت مختلف امور زیرِ بحث آئیں گے۔
