’بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے عزت و وقار کا بھرپور دفاع کیا‘: ترجمان دفتر خارجہ

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، لیکن پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے شفقت علی خان نے بتایا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا گیا، جس کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، اور ہم سیز فائر کے لیے ان ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کوئی جارحیت کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔

افغان وزیر دفاع کے مبینہ بھارت دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان کو خودمختار ریاستیں تسلیم کرتا ہے، اور علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کو اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے، اور پاکستان مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے دوست ممالک سے درخواست کی کہ ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں، اور کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے جو اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔ یورپی وزراء کے حالیہ دوروں میں پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ توازن برقرار رکھنا چاہیے۔