کیٹی پیری نے آل وومن سپیس فلائٹ کے ساتھ خلا کی سرحد عبور کرلی
معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری نے تاریخ رقم کرتے ہوئے صرف خواتین پر مشتمل ایک مختصر خلائی مشن میں حصہ لیا اور خلا کی سرحد کو عبور کرلیا۔ یہ غیر معمولی خلائی پرواز امریکی بزنس مین جیف بیزوس کی خلائی کمپنی ’بلو اوریجن‘ کے ذریعے پیر کے روز ٹیکساس سے روانہ ہوئی۔
پرواز مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے لانچ ہوئی اور تقریباً 10 منٹ کی مختصر لیکن یادگار خلائی سیاحت کے بعد کامیابی سے زمین پر واپس آ گئی۔
اس مشن کو اس لحاظ سے بھی تاریخی قرار دیا جا رہا ہے کہ اس میں صرف خواتین پر مشتمل عملہ شامل تھا، جس میں کیٹی پیری کے ساتھ جیف بیزوس کی منگیتر لورین سانچیز، اور مشہور ٹی وی میزبان گیل کنگ بھی شامل تھیں۔ مجموعی طور پر چھ خواتین نے خلا کی بین الاقوامی سرحد ’کارمن لائن‘ (100 کلومیٹر یا 62 میل بلندی) کو عبور کیا۔
گیل کنگ کے مطابق دورانِ پرواز کیٹی پیری نے ’واٹ آ ونڈرفل ورلڈ‘ گانا گا کر فضا کو مزید یادگار بنا دیا۔ جب راکٹ زمین پر واپس آیا، تو پیری نے راکٹ سے باہر نکل کر زمین کو بوسہ دیا اور کہا:
"یہ ایک 10 میں سے 10 تجربہ تھا۔”
یہ پرواز اس لحاظ سے بھی منفرد رہی کہ یہ 1963 کے بعد پہلا ’آل ویمن اسپیس فلائٹ‘ مشن تھا، جب ویلینٹینا تیراشکووا نے تنہا خلا کا سفر کیا تھا۔
کیٹی پیری کی یہ تاریخی پرواز نہ صرف خلائی سائنس کے شعبے میں خواتین کی نمائندگی کا مظہر ہے بلکہ یہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے حوصلہ افزائی کا پیغام بھی ہے۔
