ڈیرہ اسماعیل خان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں انتہائی مطلوب خوارج سرغنہ سمیت 9 خارجی ہلاک

پاکستانتازہ ترین

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک انتہائی مطلوب خوارج سرغنہ بھی شامل تھا۔ یہ آپریشن خفیہ اطلاعات پر 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے، جن میں خارجی گروہ کا سرغنہ شیرین بھی شامل تھا۔ شیرین کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی تلاش تھی۔ وہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور کیپٹن حسنین اختر کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاکستانی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔