سابق بھارتی کرکٹر کی اہلیہ کی ملکیت میں دنیا کی مہنگی ترین رہائشگاہ، بکنگھم پیلس سے 4 گنا کشادہ!
بھارت میں جب امیر ترین شخصیات اور مہنگے ترین گھروں کا ذکر آتا ہے، تو مکیش اور نیتا امبانی کا ‘انٹیلیا’ نمایاں نظر آتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت میں ایک ایسی خاتون بھی ہیں جن کا محل بکنگھم پیلس سے چار گنا بڑا ہے اور اس کی قیمت مکیش امبانی کے گھر سے کہیں زیادہ ہے؟
لکشمی ولاس پیلس: 25 ہزار کروڑ کا شاہکار
یہ محل بھارت کی ترقی پسند مہارانی رادھیکا راجے گائیکواڑ کی ملکیت ہے، جو بڑودا کے مہاراجہ سمرجیت سنگھ گائیکواڑ کی اہلیہ ہیں۔ ان کی شادی کے بعد یہ جوڑا شاہی ورثے کی علامت ‘لکشمی ولاس پیلس’ میں رہائش پذیر ہوا، جس کی مالیت تقریباً 25 ہزار کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔

دنیا کی سب سے مہنگی نجی رہائشگاہ
لکشمی ولاس پیلس دنیا کی سب سے مہنگی نجی رہائشگاہ ہے، جس کا رقبہ بکنگھم پیلس سے 4 گنا زیادہ ہے۔ یہاں تک کہ مکیش امبانی کا ‘انٹیلیا’ بھی اس کے سامنے چھوٹا لگتا ہے۔
سمرجیت سنگھ گائیکواڑ: شاہی پس منظر اور کرکٹ کی دنیا
سمرجیت سنگھ گائیکواڑ کا تعلق بھارت کے بڑودا کے شاہی خاندان سے ہے، جو 1700 کی دہائی میں بڑودا پر حکمرانی کرچکا ہے۔ وہ نہ صرف شاہی ورثے کے وارث ہیں بلکہ ایک سابق بھارتی کرکٹر اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں۔ انہوں نے رانجی ٹرافی میں بڑودا کی نمائندگی کی تھی۔

لکشمی ولاس پیلس کی شاندار تاریخ
یہ محل بھارتی شہر وڈوڈارا میں واقع ہے اور اسے 1890 میں مہاراجہ سیاجی راؤ گائیکواڑ III نے تعمیر کروایا تھا۔ اس وقت اس محل کی تعمیر پر 25 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: تاج پوشی کے بعد بادشاہ چارلس کی پہلی سرکاری تصویر جاری
محل کی شاندار خصوصیات
یہ 700 ایکڑ پر پھیلا 4 منزلہ محل 170 پرتعیش کمروں پر مشتمل ہے، جنہیں مہاراجہ اور مہارانی کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ:
- خوبصورت باغات
- گھوڑوں کا وسیع اصطبل
- شاہی سوئمنگ پول
- نجی گولف کورس
- موتی باغ محل
- مہاراجہ فتح سنگھ میوزیم
- شاہی بینکوئٹ ہال اور کنونشن سینٹر

گائیکواڑ خاندان کی مجموعی دولت
سرکاری طور پر گائیکواڑ خاندان کی دولت کا تخمینہ موجود نہیں، تاہم رپورٹس کے مطابق اس کی مجموعی مالیت تقریباً 20 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے۔
یہ محل نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کے چند شاندار ترین شاہی محلات میں شمار کیا جاتا ہے اور آج بھی اپنی شاہانہ شان و شوکت کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
