190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں دائر
اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنی سزا کی معطلی کے لیے درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئیں۔
یہ درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بدنیتی پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور نامکمل تفتیش کی بنیاد پر عجلت میں سزا سنائی گئی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) سے ہونے والے معاہدے کا ریکارڈ حاصل نہ کرنا نیب کی بدنیتی اور ہچکچاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ نیشنل کرائم ایجنسی کے حکام کو بھی تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا۔ مزید یہ کہ استغاثہ کی جانب سے مکمل شواہد عدالت میں پیش کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔
یہ بھی پڑھیں : توہین عدالت کیس کی کاز لسٹ منسوخی پر سخت ردعمل: عدالت کی بنیادوں میں بارود رکھ کر اڑا دیتے، جسٹس اعجاز اسحاق
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 17 جنوری کو سنائی گئی سزا کو معطل کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
اس کے علاوہ، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک دی گئی سزا کو معطل رکھا جائے۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر سزا معطل ہوتی ہے تو وہ اپیل کی ہر سماعت میں باقاعدگی سے پیش ہوں گے۔
