ٹک ٹاک نے یوٹیوب سے مقابلے کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن میں نئے فیچرز متعارف کرا دیے

تازہ ترینسائنس ٹیکنالوجیسائنس ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک نے اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب سے مقابلے کے لیے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروا دیے ہیں، جس سے صارفین کو زیادہ بہتر تجربہ حاصل ہوگا۔

ٹک ٹاک، جو کہ دنیا بھر میں ایک موبائل فرسٹ پلیٹ فارم کے طور پر مشہور ہے، اب اپنے صارفین کو ڈیسک ٹاپ پر بھی جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق، نئے فیچرز کو ترتیب وار صارفین تک پہنچایا جائے گا تاکہ ان کا تجربہ مزید بہتر ہو۔

ٹک ٹاک انتظامیہ کے مطابق، وہ مسلسل صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں اور بعض مواقع پر ڈیسک ٹاپ پر ویڈیوز دیکھنا زیادہ آسان ثابت ہوسکتا ہے۔

نئے اپڈیٹس میں ایکسپلور ٹیب کو ڈیسک ٹاپ ورژن میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ فار یو ٹیب کو بھی مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اب صارفین ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ ورژن پر گیم کی لائیو اسٹریم بھی دیکھ سکیں گے، جو یوٹیوب کا ایک مقبول ترین فیچر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹک ٹاک، جو پہلے صرف ایک منٹ دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیتا تھا، اب صارفین کو طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کی سہولت دے رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی تمام صارفین 60 منٹ دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکیں گے، جو کہ یوٹیوب کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔