بانی پی ٹی آئی اب چیف جسٹس کو خط لکھیں گے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جیل کا نظام نادیدہ قوتوں کے کنٹرول میں ہے اور بانی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر اہم گفتگو
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے طویل وقفے کے بعد ملاقات ہوئی، جس میں پارٹی امور، جیل کی صورتحال اور ملکی سیاست پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش تھی، مگر وہ بالکل صحیح اور پُرعزم ہیں۔
جیل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور بتایا کہ چھ ماہ میں صرف چوتھی بار بچوں سے بات کرائی گئی ہے۔ اس معاملے پر چیف جسٹس کو تفصیلی خط لکھا جائے گا تاکہ جیل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا آرمی چیف کو دوسرا کھلا خط
سندھ کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ انہوں نے سندھ کے دورے پر بانی پی ٹی آئی کو بریف کیا، جس پر عمران خان نے واضح ہدایات دیں کہ پی ٹی آئی سندھ کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔
پارٹی معاملات پر اہم ہدایات
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے جو لوگ حکومتی عہدوں پر ہیں، انہیں پارٹی عہدہ چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، بانی پی ٹی آئی نے انتظامی معاملات پر بھی واضح احکامات دیے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم چیف جسٹس سے ملاقات بھی بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے ہی کرنے گئے تھے، اور اب ان کے حکم پر ہی جیل معاملات عدالت کے سامنے رکھے جائیں گے۔
کرکٹ کی بگڑتی صورتحال پر افسوس
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر افسردہ ہیں۔ ان کے مطابق، کرکٹ ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہے اور اس کی تباہی کا سبب سیاسی مداخلت بنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کے جذبات سے جڑی ہوئی ہے، مگر گزشتہ چند سالوں میں اسے مذاق بنا دیا گیا۔ پی ٹی آئی اس معاملے پر بھی اپنی آواز اٹھائے گی۔
26ویں آئینی ترمیم اور پارٹی فیصلے
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے پارٹی میں مزید جگہ نہیں بنا سکیں گے، جبکہ جو لوگ اس دوران غائب تھے یا رابطے میں نہیں تھے، ان کے متعلق انفرادی فیصلے کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت پارٹی سے باہر ہیں، اور یہ فیصلہ برقرار رہے گا۔
پی ٹی آئی متحد ہے
آخر میں، انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، اور پاکستان تحریک انصاف مکمل طور پر متحد ہے۔
