ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز 0-2 سے جیتنا چاہتے ہیں: شان مسعود
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کو 0-2 سے جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شان مسعود نے جیو نیوز کے پروگرام "اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سینچورین میں جیت کے قریب پہنچ کر شکست پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا، آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے خلاف بھی ٹیم جیتی ہوئی پوزیشن سے میچ ہار چکی ہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بابر اعظم کے ساتھ پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت کا حوالہ دیتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ اگر مڈل آرڈر مزاحمت دکھاتا تو ہم جنوبی افریقہ کو بڑا ہدف دے سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی شکستوں سے سبق لے کر آگے بڑھنا چاہیے اور ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف اسپنرز پر مشتمل حکمت عملی کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
شان مسعود نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کامیابی کے بعد، اسپنرز پر انحصار جاری رکھتے ہوئے ہم سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
35 سالہ کپتان، جنہوں نے پاکستان کے لیے 40 ٹیسٹ میچز میں 6 سنچریوں کے ساتھ 2300 رنز اسکور کیے ہیں، نے امید ظاہر کی کہ ملتان میں ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھا کر پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ کی سیریز میں 0-2 سے شکست دے سکتی ہے۔
