سپریم کورٹ ، فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

سپریم کورٹ نے 6 سے 10 جنوری کے لیے آئینی بینچ کی کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس میں مختلف اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔

فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کا کیس

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس 7 جنوری کو جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کرے گا۔

لاپتہ افراد کیس

لاپتہ افراد سے متعلق اہم کیس 8 جنوری کو زیرِ سماعت ہوگا۔ اس کیس کی سماعت بھی 7 رکنی آئینی بینچ کرے گا۔

پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ نظرثانی کیس

حمزہ شہباز کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست پر 9 جنوری کو سماعت ہوگی۔

چیف جسٹسز کے اختیارات اور طلبہ تنظیموں پر پابندی

ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف درخواست پر 10 جنوری کو سماعت ہوگی۔ اسی دن طلبہ تنظیموں پر پابندی کے خلاف درخواست کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواستیں

عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بانی تحریک انصاف کی درخواست اور شیر افضل مروت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ ان تمام مقدمات کی سماعت کرے گا، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے۔