ورلڈ بینک اوربلوم برگ کی رپورٹس میں پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونے کی تصدیق
ورلڈ بینک اور بلومبرگ کی رپورٹس نے پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار کی تصدیق کردی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے اور معیشت نے پیش رفت دکھانا شروع کر دی ہے، آئندہ مالی سال میں شرح نمو دوگنی اور بتدریج بڑھے گی جب کہ آئندہ مالی سال مہنگائی میں 11 فیصد کمی متوقع ہے۔
بلومبرگ کے مطابق آئی ایم ایف کا نیا بیل آؤٹ پروگرام اقتصادی ترقی کی شرح کو تیز اور مستحکم کرے گا۔ گزشتہ 22 ماہ میں مہنگائی کی شرح پہلی بار 20.7 فیصد کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور 2 سال بعد مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال میں پاکستان کو 24 ارب ڈالر کی بیرونی مالی امداد کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے 16 ماہ کے دور حکومت میں ملک کو معاشی ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے اور اتحادی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام بحال کیا جب کہ اسٹینڈ بائی انتظامات نے معاشی استحکام کی راہ ہموار کی۔
